14 ستمبر 2012 - 19:30

نماز جمعہ کے بعد ریاست جموں و کشمیر کے طول و ارض میں تمام مسلمانوں نے بلا امتیاز مسلک و مشرب امریکہ میں بننے والی اسلام مخالف فلم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے امریکہ و اسرائیل مخالف نعرے بلند کئے۔

ابنا: حکومت کشمیر نے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے آج صبح سے ہی پولیس اور فورسز اہلکارون کوشہر سرینگر کی سڑکوں پر، مساجدوں کے باہر بڑی تعداد میں اور کشمیر کے دیگر حساس علاقوں میں تعینات کیا تھا۔ تمام سرکردہ حریت قائدین کو گھروں میں نظر بند کر دیا گیا تھا۔ ہندوستان زیر انتظام کشمیر کے سرحدی ضلع کرگل میں اسلام و رسالت کے دیرینہ دشمن اور عالمی سامراج و صیہونیوں کی طرف سے مرسل اعظم، رسول مکرم، حضرت ختمی مرتبت (ص) کے شان میں توہین آمیز فلم کی اشاعت کے امام خمینی میموریل ٹرسٹ کے زیر قیادت ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید و عاشقان رسالت مآب (ص) نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق جلوس بعد از نماز جمعہ جامع مسجد کرگل سے بر آمد ہوا جس میں مظاهرین، امریکہ مردہ باد، اسرائیل مردہ باد، برطانیہ مردہ باد، قرآن کی بے حرمتی نہیں چلے گی نہیں چلے گی، توہین رسالت نہیں چلے گی نہیں چلے گی، توہین رسالت کرنے والے مردہ باد، جان سے بھی پیارا قرآن ہمارا، جان سے بھی پیارا رسول (ص) ہمارا، رسول کے فرمان پرجان بھی قربان ہے، اسلام زندہ باد، رسالت زندہ باد کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ کرگل بازار سے گذرتے ہوئے لال چوک پر جمع ہوئے جہاں حاجی اصغر کربلائی، شیخ محمد محقق اورشیخ محمد حسین لطفی چیئرمین امام خمینی میموریل ٹرسٹ سمیت دیگر مقررین نے احجاج میں شریک لوگوں سے خطاب کیا۔
مقررین نے عالمی سامراج اور صیہونیوں کی طرف سے اسلام اور رسالت مآب (ص) کی شان میں گستاخانہ اور توہین آمیز حرکت کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اسے اسلام سے دیرینہ دشمنی کا مظہر، اسلامی حقائق کو مسخ کر کے پیش کرنے کی ناکام سازش نیز اسلامی بیداری اور اسلام کی سربلندی سے خوف اور بوکھلاہٹ کی نشانی قرار دیا۔
مقررین نے اس ضمن میں اسلامی ملکوں میں انقلابی عوام کی طرف سے امریکی سفارت خانوں پر یلغار اور امریکی پرچم کو نذر آتش کرنے کی عمل کو جائز اور بروقت قرار دیا۔
مقررین نے اپنے خطاب میں عالم اسلام پر زور دیا کہ ولی امر مسلمین حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ خامنہ ای کی مدبرانہ قیادت میں متحد ہوکر اسلام اور قرآن و رسالت کے دشمن سے نبرد آزما ہوں اور اسلام کو کامیابی دلا کر دونوں عالم میں سرخ رو ہوں۔
آخر میں توہین قرآن و رسالت کے شنیع فعل کے خلاف ایک مذمتی قرارداد کے ساتھ احتجاجی جلوس اختتام پذیر ہوا، اختتامی پروگرام میں امریکہ اور اسرائیلی پرچم نذر آتش کئے گئے۔
اسی طرح آج مورخہ 14 ستمبر کشمیر کے دارلحکومت سرینگر کے مائسمہ علاقہ میں نماز کے بعد نمازیوں کے جم غفیر نے اس نفرت انگیز عمل پر غم و غصہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مرکزی جامعہ مسجد اہل حدیث سے ایک احتجاجی جلوس نکالا۔ جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ احتجاجی مظاہرین نے اسرائیی برچم بھی نظر آتش کیا۔
احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر میں عالمی مجلس تقریب مذاہب (مسالک) اسلامی کے نمائندہ حاج عبدالحسین کشمیری نے جمعیت اہل حدیث کے مطالبے ،،کہ سعودی عرب سے لے کر دیگر تمام اسلامی ممالک کو امریکہ سے اپنے روابط توڑنے چاہئیں ،، کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا: سعودی عرب سے لیکر باقی تمام اسلامی ممالک امریکہ کے ساتھ اپنے روابط توڑ دیں۔ ہمارے دینی جذبے کا امتحان لیا جا رہا ہے۔ اسلام دشمن طاقتیں خاص کر امریکا اور اسرائیل ہمارا طرح طرح سے امتحان لے کر دیکھنا چاہتے ہیں کہ ہم بیدار ہوئے ہیں کہ نہیں۔
.....
/169